نئی دہلی،21؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) کورونا انفیکشن کی رفتار میں گراوٹ ضرور آئی ہے، لیکن ابھی بھی کورونا انفیکشن کا خطرہ برقرار ہے۔ ملک میں کورونا کی ممکنہ تیسری لہر کا خوف ابھی بھی بنا ہوا ہے۔ اس کورونا وائرس کے خلاف چل رہی لڑائی میں ہندوستان کے پاس جمعہ کو ایک اور طاقت مل گئی۔ ملک کو اب 12 سال سے زیادہ عمر کے بچوں کے لئے ویکسین مل گئی ہے۔ ڈرگس کنٹرولر جنرل آف انڈیا نے زائیڈس کیڈیلا کی تین ڈوز والی ویکسین کو ایمرجنسی استعمال کے لئے منظوری دے دی ہے۔ یہ ایک ڈی این اے ویکسین ہے۔ اب ہندوستان کے پاس کل 6 کورونا ویکسین ہیں۔
کمپنی نے کہا کہ اس کی حکمت عملی سالانہ ویکسین کی 100 ملین سے 120 ملین خوراک بنانے کا منصوبہ ہے اور ابھی سے ویکسین کا اسٹاک بنانا شروع ہوگیا ہے۔ زائیڈس کیڈیلا نے اپنی تین ڈوز ویکسین کو پورے ملک میں 28000 سے زیادہ رضاکاروں (والینٹیئرس) پر ٹرائل کیا تھا۔ ٹیسٹنگ کے دوران ویکسین وائرس کے خلاف 66.6 فیصد تک موثر پائی گئی تھی۔ زائیڈس نے ڈپارٹمنٹ آف بایو ٹکنالوجی کے ساتھ مل کر ویکسین بنائی ہے۔
زائیڈس کیڈیلا ویکسین سے پہلے ملک میں سیرم انسٹی ٹیوٹ کی کووی شیلڈ، بھارت بایو ٹیک کی کووی ویکسین، روس کی اسپتنک وی، ماڈرنا اور جانسن اینڈ جانسن کی ویکسین کا استعمال کیا جارہا تھا۔ احمد آباد واقع فارما کمپنی نے یکم جولائی کو ایمرجنسی استعمال کے لئے درخواست دی تھی۔ ایک ریلیز کے مطابق، زائیڈس کیڈیلا نے ویکسین کا ٹرائل 28000 ہزار سے زیادہ لوگوں پر کیا تھا جو کہ ابھی تک ہندوستان میں سب سے بڑا ٹیکہ ٹسٹ ہے۔